بلوچ اسٹوڈنٹس ایکشن کمیٹی حب زون کا جنرل باڈی اجلاس منعقد
فراز بلوچ زونل صدر اور احسان بلوچ جنرل سیکرٹری منتخب
بلوچ اسٹوڈنٹس ایکشن کمیٹی حب زون کا جنرل باڈی اجلاس زیرِ صدارت زونل آرگنائزر فراز بلوچ منعقد ہوا جس میں تعارفی نشست،مرکزی سرکولر،سابقہ رپورٹ،تنقیدی نشست،تنظیمی امور ،عالمی و علاقائی سیاسی صورتحال پر سیر حاصل بحث کے بعد آئندہ لائحہ عمل کے ایجنڈے میں تنظیمی پروگرام کو آگے لے جانے کےلیے متعدد فیصلے لیے گئے اور نئی زونل کابینہ بھی تشکیل دی گئی۔ اجلاس میں مرکزی وائس چیئرپرسن شبیر بلوچ مہمان خاص اور سنٹرل کمیٹی کے رکن اعجاز بابا نے بطورِ اعزازی مہمان شرکت کی۔
جنرل باڈی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے مرکزی وائس چیئرپرسن شبیر بلوچ کا کہنا تھا کہ حب زون کے ممبران کی جستجو تنظیم کیلئے ایک نیک شگون ہے کیونکہ کارکنان کی ہمہ وقت تنظیم کی فعالیت پر جدوجہد جاری رہی ہے۔ سیاسی تنظیموں کی منظم اور مستحکم فکری اور شعوری سیاسی کارکنوں کی جدوجہد کا ثمر ہے۔تنظیم میں ہر کارکن کو تنظیمی ساخت ، آئین ،تنظیمی رویوں اور پروگرامز کی اہمیت کو سمجھنا چاہیے۔ کسی بھی اجتماعی تبدیلی کےلیے منظم جدوجہد ناگزیر ہوتی ہے کیونکہ تنظیمیں ہی سماج میں انقلاب برپا کرنے اور پسماندہ سماج میں تبدیلی لانے کا فلسفہ اجاگر کرتے ہیں اور جمود کو توڑ کر سماج کو حرکت میں لاکر ایک صحت مند سماج کی جانب گامزن کرتے ہیں۔
انھوں نے بلوچستان میں تعلیمی زبوں حالی پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ بلوچستان میں تعلیمی مسائل بڑھنے کی وجہ تعلیمی نظام کے زبوں حالی کا شکار ہونا ہے ۔جہاں اسکولز ، کالجز اور یونیورسٹیز میں طلباء آئے روز مختلف مسائل کا سامنا کررہے ہیں وہی تمام اضلاع میں بنیادی تعلیمی سہولیات نہ ہونے کے برابر ہیں جو بلوچ قوم میں شرح خواندگی میں نہایت کمی کا باعث ہے۔اس اہم مسئلے کو مدنظر رکھتے ہوئےتنظیم کی جانب سے بلوچ لٹریسی کمپئین کا آغاز کیا گیا ہے۔جسکا مقصد بلوچستان میں مختلف علاقوں میں تعلیمی اداروں کے بنیادی مسائل کے حل کیلئے اسکولز،کالجز اور یونیورسٹیز میں سروے کیا جائیگا۔
اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے مرکزی سنٹرل کمیٹی کے رکن اعجاز بابا نے تنظیم میں سیاسی لٹریچر کی اہمیت کو اجاگر کرتے ہوئے کہا کہ لٹریچر سیاسی اداروں کیلئے بہت اہمیت رکھتی ہے ۔تمام سیاسی اداروں کی اولین ترجیح ممبران کو شعوری اور فکری بنیادوں پر تیار کرنے کیلئے انہیں سیاسی لٹریچر مہیا کرنا ہوتا ہے جو سیاسی کارکنان میں غیر سیاسی اور غیر ادارہ جاتی رویوں کا خاتمہ کرکے انہیں سیاسی طور پر بالغ اور پختہ بنانے می کلیدی کردار ادا کرے۔ایک سیاسی کارکن کےلیے بنیادی عمل کتب بینی ہے کیونکہ کتب بینی ہی وہ عنصر ہے جس کی بنیاد پر کارکنان نظریاتی ،سیاسی اور فکری صلاحیتوں کو عملی جامہ پہنا سکتے ہیں۔ سیاست ایک غیر معینہ مدت اور تسلسل کے ساتھ جاری رہنے والا عمل ہے تنظیم میں علم و شعور اور عمل انتہائی اہم عنصر ہیں کیونکہ سیاست علم و شعور اور عمل کا نام ہے۔
آخر میں انھوں نے کہا کہ ڈسٹرکٹ لسبیلہ میں حب ، گڈانی اور ساکران کے علاقوں میں بہت سے تعلیمی مسائل واضح ہیں۔جس میں ڈگری کالج حب ،گرلز کالج اور دیگر اسکولز بنیادی سہولیات جیسے عناصر سے محروم ہیں۔انھوں نے کہا تنظیم آئندہ ان علاقوں میں یونٹ سازی ،تنظیمی سرگرمیوں اور دیگر کریئر کاؤنسلنگ پر پروگرامز منعقد کریگی۔
اجلاس کے آخری ایجنڈے آئندہ لائحہ عمل میں سابقہ زونل آرگنائزنگ کمیٹی تحلیل کر کے نئی زونل کابینہ تشکیل دی گئی جس میں فراز بلوچ زونل صدر، سلمان بلوچ نائب صدر، احسان بلوچ زونل جنرل سیکرٹری ، وسیم معیار ڈپٹی جنرل سیکرٹری اور نعمت بلوچ زونل انفارمیشن سیکرٹری منتخب ہوئے ہیں۔جبکہ نومنتخب زونل کابینہ نے یہ اعادہ کیا کہ حب میں بڑھتے ہوئے تعلیمی مسائل کو حل کرنے کے لئے تنظیمی پالیسیوں کو اپنائیں گے اور تنظیمی پروگرام کو مخلصی اور تسلسل کے ساتھ سر انجام دینگے۔

Baloch Students Action Committee is a Student political organization that aims to work for the betterment of Education in Balochistan and politicizing the youth