بلوچ اسٹوڈنٹس ایکشن کمیٹی ڈیرہ غازی خان زون کا جنرل باڈی اجلاس منعقد
حامد بلوچ زونل صدر اور وقار بلوچ جنرل سیکرٹری منتخب
بلوچ اسٹوڈنٹس ایکشن کمیٹی ڈیرہ غازی خان زون کا جنرل باڈی اجلاس زیرِ صدارت زونل نائب صدر عطا ء محمد بلوچ منعقد ہوا.اجلاس میں مرکزی کمیٹی کے رکن اظہر بلوچ بطور مہمان خاص شریک ہوئے۔اجلاس میں مرکزی سرکولر، سابقہ رپورٹ، تنقیدی نشست، عالمی و علاقائی سیاسی صورتحال اور تنظیمی امور پر سیر حاصل بحث کے بعد آئندہ لائحہ عمل کے ایجنڈے میں نئی کابینہ کا انتخاب عمل میں لایا گیا جس میں حامد بلوچ زونل صدر جبکہ وقار بلوچ زونل جنرل سیکرٹری منتخب ہوئے ہیں۔
اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے مرکزی کمیٹی کے رکن اظہر بلوچ کا کہنا تھا کہ کسی بھی اجتماعی تبدیلی کیلیے تنظیموں کا ہونا نا گزیر ہوتا ہے جبکہ تنظیموں کی مضبوطی کیلیے کارکنوں کو مشترکہ طور پر خود کی ذمہ داریوں کا ادراک اور ذمہ داریوں کو پورا کرنے کیلیے جہدوجہد جاری رکھنا ضروری ہوتا ہے۔عہد حاضر میں جہاں بلوچ اکثریت علاقہ جات میں تعلیمی ادارے مکمل طور پر غیر فعال ہیں،تعلیمی نظام مکمل طور پر زبوں حالی کا شکار ہے،غیر سیاسی اور علمی سرگرمیوں کے نہ ہونے کے باعث بلوچ نوجوان سماجی برائیوں کا شکار ہو رہے ہیں وہیں بلوچ اسٹوڈنٹس ایکشن کمیٹی کے کارکنان نے مخلص جذبوں اور پختہ شعور کے بدولت اِن علاقہ جات میں تعلیمی نظام کی بہتری اور علمی سرگرمیوں کے انعقاد سمیت لائبریری جیسے درسگاہ تشکیل دینے کی منظم کوشش کی ہے۔
انھوں نے کہا ڈیرہ غازی خان میں جہاں تعلیمی نظام زبوں حالی کا شکار ہے تو وہیں حکومتی عدم توجہی کے باعث تعلیمی ادارے غیر فعال اور علمی سرگرمیوں کے انعقاد سے قاصر ہیں۔ڈیرہ غازی خان میں قائم شدہ اعلی تعلیمی ادارے بھی نہایت مخدوش حالت میں ہیں جبکہ ڈگری کالج تونسہ شریف میں بھی اساتذہ کی کمی کے باعث نوجوانوں کا مستقبل داؤ پر لگ چکی ہے۔راجن پور کا شمار ڈیرہ غازی خان ڈویژن کے سب سے بڑے اضلاع میں کہا جاتا ہے لیکن آج تک راجن پور میں کسی قسم کے اعلی تعلیمی ادارے کا قیام عمل میں نہین لایا گیا۔ڈیرہ غازی خان شہر کے بعض علاقہ جات اور مضافات میں ہائر ایجوکیشنل سکول تک محدود نہیں جس کی وجہ سے اِن علاقوں میں ناخواندگی تشویشناک حد تک بڑھ چکی ہے۔اگر حکومت موجودہ تعلیمی استحصال کی بیخ کنی نہیں کرتی اور تعلیم دوست پالیسیاں ترتیب نہیں دیں گی تو ناخواندگی جیسے عنصر کے باعث نوجوان نسل غیر معاشرتی سرگرمیوں اور بے راہ روی کا شکار ہو رہی ہے۔
اجلاس کے آخری ایجنڈہ آئندہ لائحہ عمل میں گزشتہ کابینہ کو تحلیل کیا گیا اور نئی کابینہ کا انتخاب عمل میں لایا گیا جس میں حامد بلوچ صدر، عابد بلوچ نائب صدر، وقار بلوچ جنرل سیکرٹری، شفیق بلوچ ڈپٹی جنرل سیکرٹری جبکہ آصف بلوچ بطور انفارمیشن سیکرٹری منتخب ہوئے۔مرکزی کمیٹی کے رکن اظہر بلوچ نے نومنتخب کابینہ سے حلف لیا اور زونل ذمہ داران نے تنظیمی پروگرام کو ڈیرہ غازی خان کے تمام تعلیمی اداروں تک پہنچانے کا اعادہ کیا ہے۔

Baloch Students Action Committee is a Student political organization that aims to work for the betterment of Education in Balochistan and politicizing the youth