گوادر جیسے گنجان آباد اضلاع میں یونیورسٹی کا قیام نہ ہونا حکومتی غیر سنجیدگی کی واضح دلیل ہے۔
بلوچ اسٹوڈنٹس ایکشن کمیٹی
بلوچ اسٹوڈنٹس ایکشن کمیٹی کے مرکزی ترجمان نے اپنے جاری کردہ بیان میں ضلع گوادر میں یونیورسٹی کی قیام پر زور دیتے ہوئے کہا ضلع گوادر میں گنجان آبادی کے باوجود جامعہ کے قیام کے متعلق کوئی فیصلہ نہ لینا اور تعلیمی ادارہ قائم نہ کرنا تعلیمی حوالے سے حکومتی بے حسی اور غیرسنجیدگی کی واضح دلیل ہے۔گوادر کی تعلیمی صورتحال بلوچستان کے دیگر اضلاع کی طرح خستہ حالی کا منظر پیش کررہی ہیں پرائمری سے لیکر کالجز تک پورا تعلیمی ادارے نمایاں طور پر زبوں حالی کا شکار ہیں۔ جہاں ایک جانب تعلیمی ادارے خستہ حالی کا منظر پیش کر رہے ہیں تو دوسری جانب تعلیمی ادارے نہایت ہی قلیل تعداد میں قائم ہیں۔تعلیمی اداروں میں قلت کے باعث نوجوان کثیر تعداد میں کوئٹہ،کراچی اور دیگر صوبوں کا رخ کرتے ہیں۔
انھوں نے مزید کہا جہاں سی پیک اور گوادر پورٹ کے بدولت گوادر کو سونے کی چڑیا سے تشبیح دی جاتی ہے وہیں گوادر کے نوجوان تعلیم جیسے بنیادی سہولیات سے محروم ہیں۔تعلیمی ایمرجنسی کے نام پر حکومت کی جانب سے جو ڈھونگ رچایا گیا وہ مکمل طور پر ناکام ہوچکی ہے اور آج تک پرائمری سے لیکر کالج لیول تک بیشتر تعلیمی ادارے عمارات جیسے بنیادی سہولیات سے محروم ہیں۔اِس طرح کے حالات میں جہاں عوام کو تعلیمی سہولیات میسر نہ ہوں اور تعلیمی حوالے سے کسی قسم کی جامع پالیسی منظر عام پر نہ لائی گئی ہو تو تعلیمی ایمرجنسی اور ترقی جیسے تمام اصطلاحات راگ الاپنے کے مترادف تصور کیے جاتے ہیں۔
اپنے بیان کے آخر میں انھوں نے کہا کہ صوبے میں محض چند یونیورسٹیوں کے قیام کی وجہ سے نوجوان نسل تعلیمی مواقع سے مکمل طور پر محروم ہے۔تعلیم کے حصول کیلیے جہاں طالبعلم دیگر صوبوں میں ٹھوکریں کھا رہے ہوتے ہیں وہیں رواں سال انھی صوبوں میں بھی مختص نشستیں ختم کر دی گئی۔تعلیمی مواقع میسر نہ ہونے کے باعث نوجوان نسل معاشرتی بے راہ روی کا مرتکب ہورہی ہے۔گوادر کا شمار بلوچستان کے گنجان آباد اضلاع میں کیا جاتا ہے اور گوادر میں یونیورسٹی قائم نہ کرنا تعلیم دشمن پالیسیوں کی ایک واضح عکس ہے۔حکومت وقت سے درخواست کی جاتی ہے کہ گوادر میں یونیورسٹی کے قیام کیلیے عملی قدامات کی جائیں تاکہ علمی اور شعوری حوالے سے لیس ایک نئی نسل قوم کی روشن مستقبل کا ضامن بن سکے۔

Baloch Students Action Committee is a Student political organization that aims to work for the betterment of Education in Balochistan and politicizing the youth