بلوچ اسٹوڈنٹس ایکشن کمیٹی کوئٹہ زون کا جنرل باڈی اجلاس منعقد
فرید بلوچ زونل صدر اور عزیر بلوچ جنرل سیکرٹری منتخب
بلوچ اسٹوڈنٹس ایکشن کمیٹی کوئٹہ زون کا جنرل باڈی اجلاس زیر صدارت سابق زونل صدر نذر مری منعقد ہوا جس میں مرکزی وائس چیئرپرسن شبیر بلوچ اور مرکزی سیکرٹری جنرل آصف بلوچ بطور مہمان خاص جبکہ مرکزی کمیٹی کے رکن رفیق بلوچ بطور اعزازی مہمان شریک ہوئے۔ اجلاس میں مرکزی سرکیولر، سابقہ رپورٹ ،تنقیدی نشست ، عالمی و علاقائی سیاسی صورتحال اور تنظیمی امور پر سیر حاصل بحث کے بعد آئندہ لائحہ عمل کے ایجنڈے میں نئی کابینہ کا انتخاب عمل میں لایا گیا جس میں فرید بلوچ بطور زونل صدر اور عزیر بلوچ زونل جنرل سیکرٹری منتخب ہوئے۔
اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے مرکزی وائس چیئرپرسن شبیر بلوچ کا کہنا تھا کہ تنظیم کے تمام اراکین کو خود کی ذمہ داریوں کا ادراک کرنا چاہیے اور تنظیمی اراکین کو تنطیم اور خود کے رشتے سے آشنا ہونا نہایت ضروری ہے۔ تمام اراکین کا تنظیم سے رشتہ نظریاتی اور فکری بنیادوں پر ہےاور تنظیم کی بنیادیں اسی نظریے اور فکر میں پیوست ہیں۔فکری اور نظریاتی حوالے سے مضبوط اراکین ہی تنظیم کے بنیادی اساس ہیں ۔ لہذا تنظیم کے ساتھ فکری اور نظریاتی رشتے کو مضبوط رکھنے کےلیے تنظیمی اراکین کوخود کی تربیت ترجیحاتی بنیادوں پر کرنی چاہیے جس کےلیے کتابوں سے نزدیکی نہایت ہی ضروری ہے۔ تنظیمی رشتے کو مضبوط بنانے کےلیے تنظیمی اراکین کو مخلص اور سچے جذبات کے ساتھ تنظیمی پروگرام کو آگے لے جانا ہو گا۔
انھوں نے کہا کہ عہد حاضر میں بلوچ طالبعلموں کو سیاست اور سیاسی پروگرام سے دور رکھنے کےلیے مختلف ہربے آزمائے جا رہے ہیں۔ جہاں جامعات میں تمام قسم کے سرگرمیوں پر قدغن لگائی جا چکی ہے وہیں مختلف طریقہ کار کو بروئے کار لاتے ہوئے طلبا سیاست سے طالبعلموں کو بدزن کیا جا رہا ہے۔ سیاست ہی وہ عمل ہے جو کسی بھی معاشرے کو تمام قسم کے سماجی بگاڑ سے شفاف کرتے ہوئے اجتماعی سوچ کو ایک نئی زاویہ مہیا کرتا ہے۔ سیاست ہی وہ عمل ہے جو انسان کو خود کی شناخت کی تشخیص اور فکر و عمل سے پیوست کرتے ہوئےاجتماعی جدوجہد کےلیے راہیں متعین کرتا ہے۔ بلوچ نوجوانوں کے تعلیمی تسلسل میں آئے روز مختلف رکاوٹیں حائل کی جارہی ہیں جس کے باعث بلوچ طالبعلموں کے لیے طلبا سیاست معروض کی ضرورت ہے۔
مختلف ایجنڈوں پر سیر حاصل بحث کے بعد آئندہ لائحہ عمل کے ایجنڈے میں نئی کابینہ کا انتخاب عمل میں لایا گیا جس میں فرید بلوچ صدر، عامر بلوچ نائب صدر، عزیر بلوچ جنرل سیکرٹری، فہد بلوچ ڈپٹی جنرل سیکرٹری اور واحد بخش بلوچ انفارمیشن سیکرٹری منتخب ہوئے۔ مرکزی سیکرٹری جنرل آصف بلوچ نے نومنتخب کابینہ سے حلف لیا اور نومنتخب کابینہ نے تنظیمی پروگرام کو تسلسل کے ساتھ آگے لیجانے کا اعادہ کیا ہے.

Baloch Students Action Committee is a Student political organization that aims to work for the betterment of Education in Balochistan and politicizing the youth