حب چوکی میں ایجوکیشنل فیسٹیول اور کتب میلے کا انعقاد کیا جائے گا۔
بلوچ اسٹوڈنٹس ایکشن کمیٹی
بلوچ اسٹوڈنٹس ایکشن کمیٹی کے مرکزی ترجمان نےاپنے جاری کردہ بیان میں حب چوکی میں ایجوکیشنل فیسٹیول اور کتب میلے کے انعقاد کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ علمی سرگرمیوں کو پروان چڑھانے اور کتاب کاروان کے تسلسل کو جاری رکھتے ہوئے 12ستمبر کو حب چوکی میں ایجوکیشنل فیسٹیول اور کتب میلے کا انعقاد کیا جائے گا۔
انھوں نے کہا کہ بلوچ اسٹوڈنٹس ایکشن کمیٹی بلوچ سماج میں علمی فضا کو پروان چڑھانے اور طالبعلموں کے تخلیقی صلاحیتوں کو نکھارنے کےلیے ہمہ وقت مختلف تقریبات کا انعقاد کرتا رہاہے۔تنظیم کی جانب سے ڈیرہ غازی خان سے لے کر تربت تک کتب میلے اور دیگر علمی ، ادبی و سیاسی تقریبات منعقد کیے گئے حب چوکی میں منعقد ایجوکیشنل فیسٹیول اور کتب میلہ انھی سرگرمیوں کا تسلسل ہے۔
انھوں نے کہا کہ عہد حاضر میں بلوچ طالبعلموں کو طلبا سیاست سے دور رکھنے اور تعلیمی اداروں میں طالبعلموں کے فعال کردار میں رکاوٹ حائل کرنے کےلیے مختلف ہربوں کا استعمال تسلسل کے ساتھ جاری ہے۔ تنظیم کی جانب سے طالبعلموں کے مسائل کے حل اور طالبعلموں کی علمی و شعوری تربیت کےلیے تسلسل کے ساتھ کوششیں کی گئیں جبکہ تعلیمی اداروں میں مختلف تقریبات کا انعقاد کیا گیا۔ طلبا سیاست میں حائل رکاوٹوں کو مدنظر رکھتے ہوئے منعقدہ پروگرام میں دیگر سرگرمیوں کے ساتھ یوتھ لیڈرشپ کے موضوع پر بھی تقریب منعقد کی جائے گی جس میں تنظیم کے مرکزی عہدیداران سمیت سماج کے مختلف شعبوں سے وابستہ فعال کردار شریک ہوں گے
انھوں نے مزید کہا کہ بلوچستان ہمیشہ ہی سے تعلیمی حوالے سے پسماندہ ترین صوبہ رہا ہے۔ جدید دنیا میں جہاں تمام اقوام جدید ذریعہ تعلیم سے مستفید ہورہے ہیں وہیں بلوچستان کے تعلیمی ادارے تمام بنیادی سہولیات سے محروم ہیں۔ وفاقی حکومت کی جانب سے جہاں سِنگل کورس کریکولم کا آغاز کیا جار ہا ہے وہیں بلوچستان بھر کے تعلیمی ادارے بنیادی سہولیات سے محروم ہیں اور صوبے بھر میں اساتذہ تک تعلیمی اداروں کو میسر نہیں ہیں۔ بلوچستان میں تعلیمی اداروں اور تعلیمی نظام کی زبوں حالی کو مدنظر رکھتے ہوئے فیسٹیول میں اسی موضوع پر بھی تقریب کا انعقاد کیا جائے گا جبکہ طالبعلموں کو اُن کے مستقبل سے روشناس کرانے کےلیے کیرئیر کونسلنگ پر تقریب منعقد کی جائے گی ۔
ترجمان نے بیان کے آخر میں کہا کہ تنظیم کی جانب سے بلوچ سماج میں کتابوں کی اہمیت کو پروان چڑھانے اور کتب بینی کو فروغ دینے کےلیے مختلف اوقات میں بلوچستان بھر میں کتب میلوں کا انعقاد کیا گیا۔ بلوچستان کتاب کاروان کے اسی تسلسل کو برقرار رکھتے ہوئے تنظیم کی جانب سے ایک کتب میلے کا انعقاد کیا جائے گا جس میں مختلف پبلشرز کو دعوت دی جائے گی۔ اِس کے علاوہ بلوچستان بھر کے طالبعلموں کی تخلیقی صلاحیتوں کی حوصلہ افزائی کےلیے طالبعلموں کے تیار کردہ آرٹ کی رونمائی کی جائے گی۔حب چوکی اور اس کے گردونواح کے تمام طالبعلموں اور علم دوست افراد سے گزارش کرتے ہیں کہ فیسٹیول میں شرکت کرتے ہوئے علم دوستی کا ثبوت دیں۔

Baloch Students Action Committee is a Student political organization that aims to work for the betterment of Education in Balochistan and politicizing the youth