بلوچ اسٹوڈنٹس ایکشن کمیٹی کراچی زون کا زونل جنرل باڈی اجلاس منعقد
پیرجان بلوچ زونل صدر اور معراج گمشاد زونل جنرل سیکرٹری منتخب
بلوچ اسٹوڈنٹس ایکشن کمیٹی کراچی زون کا جنرل باڈی اجلاس زیرِ صدارت سابقہ زونل صدر نعمان خالد منعقد ہوا جس میں مرکزی کمیٹی کے ممبر اظہر بلوچ بطورِ مہمان خاص اور مرکزی کمیٹی کے ممبر وحید عباس بلوچ بطور اعزازی مہمان شریک ہوئے۔ اجلاس میں مرکزی سرکیولر، سابقہ زونل رپورٹ ، تنقیدی نشست ، تنظیمی امور اور عالمی و علاقائی سیاسی صورتحال پر سیر حاصل بحث کے بعد آئندہ لائحہ عمل کے ایجنڈے میں مختلف فیصلے لیے گئے اور نئی زونل کابینہ کا انتخاب کیا گیا جس میں پیرجان بلوچ زونل صدر اور معراج گمشاد زونل جنرل سیکرٹری منتخب ہوئے۔
اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے مرکزی کمیٹی کے ممبر اظہر بلوچ نے کہا کہ تنظیمی اراکین کے لیے ضروری ہے کہ اپنے سیاسی شعوری نشوونما کے لیے بھرپور طریقے سے تنظیمی پروگرام کا حصہ بنیں۔ اس وقت جب تنظیم اور بلوچ طلباء سیاست ایک مشکل دور سے گزر رہا ہے جہاں تنظیم کے مرکزی رہنماؤں کو سیاست سے دور رکھنے کے لیے اجتماعی تشدد کا نشانہ بنایا جارہا ہے تو اس نازک صورتحال میں تنظیمی اراکین پر بڑی ذمہ داریاں عائد ہوتی ہیں ۔ زیادہ سے زیادہ تربیتی عمل ہی کے ذریعے ہم ایسے کیڈرز تیار کرسکتے ہیں جو بلوچ طلباء سیاست کو ان مشکلات سے بھرپور دانشوری کے ساتھ نکال کر ایک نئی راہ دکھا سکیں۔تنظیمی پروگرام کو آگے لے جانے میں سوشل میڈیا کا ایک بڑا کردار ہے اور تنظیمی کارکنوں کو اس بات کا ادارک کرنا چاہیے۔
انہوں نے مزید کہا کہ تنقید برائے تعمیر ہی سے تنظیمیں ترقی کرتی ہیں۔تنقید برائے تنقید وہاں کی جاتی ہے جہاں تنظیمی رویے سست روی کا شکار ہوں اور تنظیمی اراکین کے اندر سیاسی پختگی نہ ہو۔اس لیے بطور نمائندہ طلباء تنظیم ہمیں تنقید برائے تعمیر کے ماحول کو پیدا کرنا ہوگا تاکہ تنظیمی حرارکی کو مضبوط کیا جاسکے۔تنظیمی ذمہ داروں کو چاہیے کہ ہر وقت بلوچ اور دنیا بھر میں بدلتے سیاسی صورتحال پر گہری نظر رکھ کر ان پر سیاسی ڈسکشنز کا اہتمام کریں تاکہ آنے والے وقت کے لیے ایک باشعور لیڈرشپ تیار کی جاسکے۔ طلباء سیاست میں انسان سیاست، سیاسی رویے، فیصلہ سازی سیکھتا ہے، اس لیے ہمیں بلوچ طلباء سیاست کو مزید منظم اور باشعور بنانا ہوگا تاکہ بلوچ قوم کے لئے پختہ کیڈر سازی کیا جا سکے۔
مرکزی کمیٹی کے ممبر وحید عباس بلوچ نے کہا کہ بطور سیاسی کارکن ہمیں اپنے انفرادی ذمہ داریوں کا احساس کرنا ہوگا۔بساک کا ہر ممبر تنظیم کا نمائندہ ہے اور تمام ممبران جدوجہد کریں تاکہ کراچی میں بساک کو بلوچ اکثریت علاقوں میں فعال کیا جاسکے۔اس کے علاوہ بساک کے زونل ذمہ داران کراچی کے بلوچ اکثریت علاقوں میں موجود تعلیمی مسائل کو اجاگر کریں اور اسکولز، کالجز کو فعال بنانے کے لیے عملی اقدامات اٹھائیں۔کراچی بھر میں بلوچ طلباء کو ایک پلیٹ فارم پر متحد کرکے ان کی سیاسی و شعوری نشوونما کےلیے جدوجہد کریں۔
اجلاس کے آخری ایجنڈا آئندہ لائحہ عمل میں مختلف فیصلے لیے گئے اور نئی کابینہ کا انتخاب کیا گیا جس میں پیرجان بلوچ زونل صدر ، فوزیہ بلوچ زونل نائب صدر، معراج گمشاد زونل جنرل سیکرٹری ،سلیم بلوچ زونل ڈپٹی جنرل سیکرٹری اور شیہک بلوچ زونل انفارمیشن سیکرٹری منتخب ہوئے۔ سینٹرل کمیٹی کے ممبر وحید عباس نے نئے منتخب زونل کابینہ سے حلف لیا اور نئے زونل کابینہ کے عہدیداروں نے اپنے ذمہ داریاں بھرپور طریقے سے نبھانے کا اعادہ کیا۔

Baloch Students Action Committee is a Student political organization that aims to work for the betterment of Education in Balochistan and politicizing the youth