بلوچ اسٹوڈنٹس ایکشن کمیٹی خضدار زون کا جنرل باڈی اجلاس منعقد
شاہ نور بلوچ زونل صدر اور بالاچ بلوچ زونل جنرل سیکرٹری منتخب
بلوچ اسٹوڈنٹس ایکشن کمیٹی خضدار زون کا جنرل باڈی اجلاس زونل صدر حیر بیار بلوچ کے زیر صدارت منعقد ہوا جس میں وائس چیئرپرسن شبیر بلوچ بطور مہمان خاص اور محمد جان بلوچ اعزازی مہمان کے طور پر شریک ہوئے۔اجلاس میں مرکزی سرکیولر ، سابقہ رپورٹ، تنقیدی نشست، تنظیمی امور اور عالمی و علاقائی سیاسی صورتحال کے ایجنڈے پر سیر حاصل بحث کے بعد آئندہ لائحہ عمل کے ایجنڈے میں نئی کابینہ کا انتخاب عمل میں لایا گیا جس میں شاہ نور بلوچ زونل صدر اور بالاچ بلوچ بطور زونل جنرل سیکرٹری منتخب ہوئے۔
اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وائس چیئرپرسن شبیر بلوچ نے کہا کہ خضدار زون کے گزشتہ کارکردگی پر اگر نظر دوڑائی جائے تو چند عرصے میں زون کی کارکردگی اور پالیسیوں کی عملداری میں ایک واضح تسلسل نظر آتی ہے جو تنظیمی عہدیداران ا ور کارکنان کی جدوجہد کا عملی ثبوت ہے۔ تنظیم کی جانب سے زونل سطح پر خضدار ایجوکیشنل اینڈ لٹریر فیسٹیول کامیاب انعقاد نہایت ہی قابل تحسین ہے اور دوسری جانب خضدار بھر میں کتاب کلچر کا فروغ اور تنظیمی کارکنان میں کتب بینی کا رجحان نہایت ہی خوش آئند ہے۔ تنظیمی کارکنان کی انھی مخلص جذبوں اور سیاسی بالیدگی سے تنظیم آنے والے وقتوں میں مزید ترقی اور بہتری کی جانب گامزن ہو کر بلوچستان بھر میں اسکولوں سے لیکر یونیورسٹیوں تک بلوچ طالبعلموں کی رہنمائی کرے گا۔
انھوں نے کہا کہ ایک بلوچ طلبا تنظیم کے حیثیت سیاسی سرگرمیوں سمیت ہمیں بلوچستان میں طلبا کو درپیش مسائل کے حل کےلیے جدوجہد جاری رکھنی چاہیے۔ بلوچستان کا شمار ایک ایسے خطے کے طور پر کیا جاتا ہے جہاں تعلیمی شرح نہایت ہی کم ہونے کے باعث سماج میں آئے روز معاشرتی بگاڑ پیدا ہو رہی ہیں۔ بلوچستان میں اس وقت صرف چند تعلیمی ادارے ہیں جہاں تعلیمی سہولیات تک میسر نہیں جس کے باعث گزشتہ چند سال سے بلوچستان کے طالبعلم دیگر صوبوں کا رخ کر رہے ہیں لیکن دیگر صوبوں میں بھی ایک سازش کے تحت تعلیم کے دروازے بند کیے جارہے ہیں۔ تعلیمی سہولیات میسر نہ ہونے اور تعلیمی کیرئیر جاری نہ رکھنے کے باعث بلوچ نوجوانوں کی ایک کثیر تعداد مختلف سماجی بگاڑ کا مرتکب ہو کر اجتماعی نقصان کا باعث بن رہی ہیں۔
اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے سنٹرل کمیٹی کے رکن محمدجان بلوچ کا کہنا تھا کہ گزشتہ چند عرصے سے بلوچ سماج میں مختلف لسانی، علاقائی اور قبائلی تضادات کو بنیاد بنا کر بلوچ یکجہتی کو نقصان پہنچانے کی کوشش کی جا رہی ہے۔ اس طرح کی پالیسیوں کا مقصد نہ صرف ابہام پھیلانا ہےبلکہ بلوچ سماج میں دوریاں پیدا کر نا ہے۔ ہمیں ایک سیاسی کارکن کے حیثیت سے نہ صرف ایسے عناصروں کی نشاندہی کرنی ہے بلکہ ایک قومی ضرورت کے تحت انکی بیخ کنی کےلیے جدوجہد کرنی ہوگی۔ لہذا ضرورت اس امر کی ہے کہ بلوچ نوجوان زیادہ سے زیادہ کتب بینی پر توجہ دیں اور سیاسی عمل سے جُڑ کر بلوچ سماجی تشکیل میں کلیدی کردار ادا کریں۔
اجلاس کے مختلف ایجنڈوں پر سیر حاصل بحث کے بعد آئندہ لائحہ عمل کے ایجنڈے میں نئی کابینہ کا انتخاب عمل میں لایا گیا جس میں شاہ نور بلوچ صدر، احمد بلوچ نائب صدر، بالاچ بلوچ جنرل سیکرٹری،عاقب بلوچ ڈپٹی جنرل سیکرٹری اور نوید بلوچ بطور انفارمیشن سیکرٹری منتخب ہوئے۔ وائس چیئرپرسن شبیر بلوچ نے نومنتخب کابینہ سے حلف لیا اور نئی کابینہ نے تنظیمی پالیسی وپروگرام کو آگے لیجانے کےلیے ہر ممکن جدوجہد کا اعادہ کیا۔

Baloch Students Action Committee is a Student political organization that aims to work for the betterment of Education in Balochistan and politicizing the youth