زبیر بلوچ زونل صدر اور شیراز شکیل زونل جنرل سیکرٹری منتخب
بلوچ اسٹوڈنٹس ایکشن کمیٹی حیدرآباد زون کا جنرل باڈی اجلاس زونل صدر زبیر بلوچ کے زیر صدارت منعقد ہوا جس میں مرکزی کمیٹی کے رکن اظہر بلوچ بطور مہمان خاص اور محمد جان بطور اعزازی مہمان شریک ہوئے۔ اجلاس میں مرکزی سرکیولر، سابقہ زونل رپورٹ، تنقیدی برائے تعمیر ، تنظیمی امور اور عالمی و علاقائی سیاسی صورتحال کے ایجنڈوں پر سیر حاصل بحث کے بعد آئندہ لائحہ عمل کے ایجنڈے میں نئی زونل کابینہ کا انتخاب عمل میں لایا گیا جس میں زبیر بلوچ زونل صدر اور شیراز بلوچ زونل جنرل سیکرٹری منتخب ہوئے۔
زونل جنرل باڈی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے مرکزی کمیٹی کے رکن اظہر بلوچ نے کہا کہ تنظیمی کارکنان کی مخلصی اور ثابت قدمی کا ثمر ہے کہ بساک بلوچستان سمیت سندھ کے تعلیمی اداروں میں بھی فعال ہورہا ہے جو کہ نہایت ہی خوش آئند ہے۔ سندھ کے تعلیمی اداروں میں بلوچ طالبعلموں کی ایک بڑی تعداد زیر تعلیم ہے جو کہ پلیٹ فارم نہ ہونے کے سبب بلوچ طلباء سیاست سے دور تھے اور مسلسل شناختی بحران کا شکار ہورہے تھے۔ آج سندھ یونیورسٹی سمیت مختلف تعلیمی اداروں میں نوجوان بلوچ طلباء سیاست کی جانب راغب ہو کر بحث و مباحثوں کو حصہ بن رہے ہیں جو کہ ایک بڑی کامیابی ہے۔ بطور نمائندہ بلوچ طلباء تنظیم ہم نے اس کاروان کو مزید مضبوط کرنا ہے تاکہ ملک بھر کے جامعات میں بلوچ نوجوانوں کو یکجا کیا جاسکے اور ان کی شعوری و فکری تربیت کرکے معاشرے کےلیے بہتر انسان اور رہنما پیدا کرسکیں جو کہ بلوچ قوم کو اندھیروں سے نکالنے کےلیے عملی جدوجہد کا حصہ بنیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ طلباء سیاست سیکھنے کا عمل ہے جہاں سے ایک طالبعلم سیاست کے متعلق سیکھتا ہے اور تجربات حاصل کرتا ہے۔ سیکھنے کے اس عمل میں بطور بلوچ نوجوان حصہ لینا ہمارے اوپر فرض ہے تاکہ کل بلوچ قوم کےلیے ہر میدان میں راہوں کا تعین نوجوان ہی کر سکیں۔ بلوچ نوجوان سطحی بحث و مباحثوں سے نکال کر حقیقی ڈسکشنز کا حصہ بنیں جو کہ وقت و حالات کے مطابق ہوں۔ بلوچ نوجوان تعلیمی میدان میں خود کو مقابلہ جات سے نکال کر حقیقی تعلیم حاصل کرنے کی کوشش کریں جو کہ ہمیں انہیں معاشرے کےلیے ایک بہتر انسان بنا سکے۔
مرکزی کمیٹی کے رکن محمد جان نے خطاب کرتے ہوئے کہا۔نوجوان کسی بھی قوم کے آنے والے کل کو متعین کرنے میں اہم کردار ادا کرتے ہیں۔ آج ایک طرف دنیا تعلیم سمیت ٹیکنالوجی میں تیزی کے ساتھ ترقی کررہی ہے تو وہیں بلوچ قوم ایک نازک دور سے گزر رہی ہے۔ ارتقائی عمل کے اس نازک دور میں کیے گئے فیصلے بلوچ قوم کےلیے راہیں متعین کرسکتی ہیں اور اس قومی ذمہ داری کو بلوچ نوجوان ہی بخوبی ادا کرسکتے ہیں بشرطیکہ وہ خود کو کتابوں سے نزدیک کریں اور مخلصی کے ساتھ انفرادیت کی بجائے اجتماعیت کےلیے خود کو وقف کریں۔
اجلاس میں مختلف ایجنڈوں پر سیر حاصل بحث کے بعد آئندہ لائحہ عمل کے ایجنڈے میں نئی کابینہ کا انتخاب عمل میں لایا گیا جس میں زبیر بلوچ زونل صدر، فدا بلوچ نائب صدر، شیرازشکیل جنرل سیکرٹری، پرویز بلوچ ڈپٹی جنرل سیکرٹری اور عمران بلوچ بطور انفارمیشن سیکرٹری منتخب ہوئے۔ مرکزی کمیٹی کے رکن اظہر بلوچ نے نو منتخب کابینہ سے حلف لیا اور نئے منتجب زونل عہدیداران نے تنظیمی پروگرام کو آگے لے جانے کی ہر ممکن جدوجہد کا اعادہ کیا۔

Baloch Students Action Committee is a Student political organization that aims to work for the betterment of Education in Balochistan and politicizing the youth