بلوچ اسٹوڈنٹس ایکشن کمیٹی کوئٹہ زون کا جنرل باڈی اجلاس منعقد
عامر بلوچ پریزیڈنٹ اور فوزیہ بلوچ جنرل سیکرٹری منتخب
بلوچ اسٹوڈنٹس ایکشن کمیٹی کوئٹہ زون کا جنرل باڈی اجلاس زیر صدارت وائس پریزیڈنٹ فوزیہ بلوچ منعقد ہوا جس میں مرکزی وائس چیرپرسن شبیر بلوچ اور مرکزی ڈپٹی سیکرٹری جنرل رفیق بلوچ مہمان خاص جبکہ مرکزی کمیٹی ممبر سمعیہ بلوچ اور عزیر بلوچ بطور اعزازی مہمان شریک ہوئے۔ اجلاس میں مرکزی سرکیولر ، زونل رپورٹ، تنقیدی نشست، تنظیمی امور، عالمی و علاقائی سیاسی صورتحال کے بعد آئندہ لائحہ عمل کے ایجنڈے میں نئی زونل کابینہ کا انتخاب عمل میں لایا گیا جس میں عامر بلوچ زونل صدر جبکہ فوزیہ بلوچ زونل جنرل سیکرٹری منتخب ہوئے۔
اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے مرکزی عہدیداران نے کہا کہ بلوچ طلبا سیاست کل کی نسبت آج زیادہ پیچیدہ اور پہلے سے کہیں زیادہ ضروری امر بن چکا ہے ایک ایسے وقت میں جب سماج کو غیر سیاسی بنانے کے تمام تر حکمت عملیاں طاقتوروں کی جانب سے ترتیب دی جارہی ہیں۔ تعلیمی ادارے جو طلبا سیاست کی نرسری کی مانند ہوتی ہیں وہاں طلبا سیاست کو شجر ممنوع بنایا گیا ہے۔ دوسری جانب طلبا سیاست سے جڑے کارکنان کو کئی طریقوں سے زیر عتاب رکھنے کی کوششیں کی جارہی ہیں۔ ان تمام تر حربوں میں سب سے زیادہ خطرناک خود آج کے بلوچ نوجوانوں کا گروہی شکل میں بٹ جانا شامل ہے علاقائی سطح پہ مختلف قسم کے ادبی، سیاسی یا سماجی تنظیموں کا رواج عام ہوتا جارہا ہے جس کی آج بہت سارے لوگ شاید حمایت کریں مگر مستقبل قریب میں اس کے بھیانک نتائج سامنے آئیں گے۔ ضرورت اس بات کی ہے کہ آج بلوچ طلبا فکری اور نظریاتی سیاست سے جڑ کر منظم ادارہ جاتی سوچ کو اپنائیں تاکہ ایک مظبوط تنظیم آنے والے وقتوں میں بلوچ سماج کو سیاسی طور پر مستحکم اور پختہ سیاسی سوچ کا حامل سیاسی کارکن مہیا کرسکے۔
انہوں نے مزید گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ جدید دنیا میں ترقی کا دارومدار آج کے ٹیکنالوجی پہ منحصر ہے۔ جبکہ بلوچستان بھر کے تعلیمی ادارے ان ضروریات کو پورا کرنے میں یکسر ناکام دکھائی دیتے ہیں۔ تعلیمی اداروں میں ریسرچ لیبارٹریز، پروفینشل اساتذہ سمیت جدید سہولیات کی عدم موجودگی سے بلوچ طلبا میں بھی پروفشنلزم کا کم ہوتا رجحان آنے والے وقتوں میں سماج کو مکمل طور پر اپاہج کردے گا جس کا سدباب لازمی ہے۔ تںطیم سے جڑے کارکن بلوچ طلبا کی کیرئر کونسلنگ سمیت طلبا کو جدید اور سائنسی تعلیم کی ترغیب دیں تاکہ ایک بااختیار معاشی، سیاسی اور سماجی معاشرے کا قیام ممکن ہوسکے۔ بلوچ قوم کے مستقبل کا تعین آج کے نوجوانوں کو طئے کرنا ہے۔ جس کیلیے انہیں کتاب دوستی کو اپنا شعار بنانا ہوگا۔ کارکن تنظیمی لٹریچر سمیت بیرونی دنیا کے جدید تعلیم سے خود کو آشنا رکھیں۔
اجلاس میں مرکزی سرکیولر، زونل رپورٹ، تنقیدی نشست، تنظیمی امور، عالمی و علاقائی سیاسی صورتحال کے بعد آئندہ لائحہ عمل کے ایجنڈے میں نئی کابینہ کا انتخاب عمل میں لایا گیا جس میں عامر بلوچ زونل صدر، رمضان بلوچ نائب صدر، فوزیہ بلوچ جنرل سیکرٹری، شہ مرید بلوچ ڈپٹی جنرل سیکرٹری جبکہ علی بلوچ زونل انفارمیشن سیکرٹری منتخب ہوئے۔ مرکزی ڈپٹی سیکرٹری جنرل رفیق بلوچ نے نئی زونل کابینہ سے حلف لیا۔ نئے عہدیداران نے تنظیمی کاموں کے تسلسل کو جاری رکھنے کا اعادہ کیا۔

Baloch Students Action Committee is a Student political organization that aims to work for the betterment of Education in Balochistan and politicizing the youth